وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار ملاقات، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کیلئے متعارف کروائی جانے والی ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے خدوخال پر بریفنگ دی
اسلام آباد (یس اردو نیوز) ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے ٹائیگر فورس کو ضلع، تحصیل اور وارڈ کی سطح پر خدمات کی انجام دہی میں مدد ملے گی اوربہترین مانیٹرنگ ہو سکے گی ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران وزیر اعظم کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی کارکردگی کا دائرہ کار بڑھانے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کی وبا سے نبرد آزما ہونے اور سمارٹ لاک ڈاﺅن پر عملدرآمد کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے، اس موبائل ایپ کی تیاری اور اجرا پر عثمان ڈار کو مبارکباد دی۔عثمان ڈار نے وزیر خارجہ کو کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کیلئے متعارف کروائی جانے والی ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے خدوخال کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے ٹائیگر فورس کو ضلع، تحصیل اور وارڈ کی سطح پر خدمات کی انجام دہی میں مدد ملے گی۔ ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے وارڈ اور یونین کونسل کی سطح پر مانیٹرنگ ہو سکے گی اور یہی ڈیٹا ضلعی انتظامیہ کو بھجوایا جائے گا تاکہ خامیوں کا تدارک ہو سکے ۔