نیویارک (این این آئی)برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ نیو یارک میں ستمبر کے وسط میں حملہ کرنے والے مشتبہ ملزم احمد خان رحیمی نے دینی تعلیمات حاصل کرنے کے لیے چند ہفتے پاکستان میں گزارے تھے۔ حکام اس افغان نژاد امریکی شہری کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تاحال خاموش ہیں۔احمد خان رحیمی نے کچلاک میں دینی تعلیم حاصل کی تھی۔ اٹھائیس سالہ رحیمی نے ایک مدرسے میں دیے جانے والے مختلف لیکچروں میں شرکت کی تھی۔امریکی حکام یہ تو تسلیم کر چکے ہیں کہ احمد خان رحیمی نے کوئٹہ کے ایک دورے پر شادی کی تھی تاہم ان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے امریکی حکام خاموش ہیں اور اس بارے میں زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ امریکی پولیس کا خیال ہے کہ مین ہیٹن کے قریبی علاقے میں ہفتہ سترہ ستمبر کے روز ہونے والے دھماکوں میں یہی افغان نژاد امریکی شخص ملوث تھا۔ ویک اینڈ پر ہونے والے ان دھماکوں کی لپیٹ میں آ کر کم از کم اکتیس افراد زخمی ہو گئے تھے۔