نیو یارک (یس نیوز) وزیراعظم کی نیویارک میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں جاری ہیں ، نواز شریف نے رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے اکنامک اینڈ سوشل کونسل چیمبر سے خطاب میں افغان مہاجرین کی واپسی کو لازمی قرار دے دیا ۔
وزیراعظم سعودی ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ محمد بن نائف سے ملے اور مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانےوالے بھارتی مظالم سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے بتایا بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا رکھا ہے ۔ برطانوی ہم منصب تھریسا مے سے ملاقات میں بھی مسئلہ کشمیر پر توجہ رہی ۔ وزیراعظم امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے بھی ملے اور انہیں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے علاوہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا ۔
وزیر اعظم سے نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
وزیراعظم نے سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کی قیادت کو خط لکھا ہے جس میں بھارتی بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے اکنامک اینڈ سوشل کونسل چیمبر سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے افغان مہاجرین کی واپسی کو دونوں ممالک کے مفاد میں قرار دیا ۔ وزیراعظم نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے کل خطاب کریں گے۔