اسلام آباد (ویب ڈیسک ) دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئے قائم کردہ وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان ڈیم فنڈ میں یومیہ اوسطاً 100 ملین روپے سے زائد کے عطیات موصول ہو رہے ہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے
جولائی 2018ء میں ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈ قائم کیا تھا جس کے بعد 6 جولائی تا 31 جولائی 2018ء کے دوران اس مد میں 506.4 ملین روپے کے عطیات موصول ہوئے۔اعدادوشمار کے مطابق اگست 2018ء کے دوران عطیات کی وصولیوں میں 709.4 ملین روپے کے اضافہ سے یکم اگست تا 31 اگست 2018ء کے دوران فنڈ میں جمع کرائے گئے عطیات کا حجم 1215.8 ملین روپے تک بڑھ گیا۔ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی قوم اور بالخصوص سمندرپار مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ فنڈ میں زیادہ سے زیادہ عطیات جمع کرائیں اور انہوں نے وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کو یکجا کرنے کا اعلان کیا۔ سپریم کورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق وزیراعظم اور چیف جسٹس ڈیمز فنڈ کو یکجا کرنے کے بعد ستمبر 2018ء کے دوران عطیات کی وصولیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور یکم تا 11 ستمبر 2018ء صرف گیارہ روز کے دوران اس مد میں 1193.2 ملین روپے کے عطیات وصول ہوئے ہیں۔