لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں ڈومیسائل ختم کرنے کا فیصلہ، شناختی کارڈ پر مستقل پتہ ہی ڈومیسائل تصور کیا جائے گا، جلد نوٹیفیکیشن جاری کیے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈومیسائل ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلہ رشوت اور ڈومیسائل کے حصول میں بڑھتی
ہوئی شکایات پر کیا گیا ہے۔شناختی کارڈ پر مستقل پتہ ہی ڈومیسائل تصور کیا جائے گا۔ ڈومیسائل ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں ڈومیسائل کا اجراء 1951 میں سٹیزن ایکٹ کے تحت عمل میں لایا گیا تھاجس کا مقصد بھارت سے ہجرت کرنے والوں کو شہریت کا سرٹیفکیٹ دینا تھا۔ اس دور میں کسی بھی شخص کی یہ واحد سرکاری دستاویزات تھی۔ڈومیسائل ہر سرکاری ملازمت کے لیے ضروری سمجھا جاتا تھا کیونکہ یہ سکونتی سرٹیفکیٹ ہوتا تھا۔ جبکہ اب کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ پر بھی مستقل پتہ درج ہوتا ہے۔ شناختی کارڈ کی موجودگی میں ڈومیسائل کی ضرورت باقی نہیں رہتی۔ ڈومیسائل بنوانے کے لیے سرکاری طور پر کم از کم 300 روپے خرچ ہوتے ہیں۔ تاہم شہریوں کو ڈومیسائل کے حصول کیلئے 2000 سے لے کر 5000 روپے ادا کرنا پڑتے ہیں۔ ڈومیسائل کے حصول کے لیے شہریوں کو اضافی چکر بھی لگوائے جاتے ہیں جس سے تنگ آ کر وہ رشوت دینے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔اسی لیے اب حکومت پنجاب نے جعلی ڈومیسائل، رشوت اور ڈومیسائل کے بنانے کے دوران مشکلات کی بڑھتی ہوئی شکایات کے باعث ڈومیسائل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم یہ بات بھی واضح رہے کہ ماضی میں بھی حکومت پنجاب ڈومیسائل ختم کرنے کا اعلان کر چکی ہے، تاہم اس اعلان پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔