لاہور……وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ 3 سال میں بجٹ خسارہ نصف سے نیچے لے آئیں گے ،معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ترقیاتی اخراجات میں اضافہ کرنا ہے۔لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دوسرے دور اقتدار میں اضافی بجلی بھارت کو فروخت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ملکی مجموعی پیداوار کی شرح میں 4 فیصد اضافہ ہوا،سمت درست ہے،اپنےاہداف حاصل کر رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی نظام میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی شامل کرنا وزیراعظم کا وژن ہے ،اپنے دور حکومت میں 10 ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کریں گے، ملک بھر میں 24 ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہےجبکہ سورج ، پانی اور دوسرے ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔