اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت اور پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ سابق حکومت خزانہ لوٹ کر خود تو گھر چلی گئی لیکن ملک و قوم کو قرضوں کے بوجھ تلے چھوڑ گئی ہے،حیرت کی بات ہے اپوزیشن حکومت کے 50 دنوں میں اپنے 70 سالہ گناہوں کا
حساب مانگ رہی ہے،اب ہر اس شخص کی پکڑ ہو گی جس نے ملک کو لوٹا ہے،مولانا فضل الرحمن بھی جلد جیل میں حلوہ کھاتے نظر آئینگے ،سعودی عرب نے ہماری مدد کی ہے ،اپوزیشن کو تنقید کی بجائے سعودی حکومت کے اقدام کو سراہنا چاہئے،عمران خان سیاستدان نہیں بلکہ ایک رہنما اور لیڈر ہیںوہ ہماری آنیوالی نسلوں، قوم اور ملک کے مستقبل بارے سوچتے ہیں۔ایک انٹرویو میں وزیر مملکت زرتاج گل نے کہاکہ انتخابات کے وقت موجودہ اپوزیشن شرطیں لگایا کرتی تھی کہ تحریک انصاف کو شکست ہو گی اور جب ہمیں حکومت مل گئی تو اپوزیشن کہتی ہے کہ یہ لوگ حکومت نہیں چلا سکیں گے، اب عمران خان سعودی عرب سے قرضہ لے آئے ہیں تو اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ حکومت نے کوئی ڈیل کر لی ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہماری مدد کی ہے اپوزیشن کو تنقید کرنے کی بجائے سعودی حکومت کے اس اقدام کو سراہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج سعودی عرب کو پاکستان کی ضرورت تھی اور عمران خان نے سیاسی بالغ نظری سے بہترین فیصلہ کیا ،پاکستانی سب سے زیادہ سعودی عرب میں نوکری کیلئے جاتے ہیں ،ان کا سب سے بڑا مسئلہ ویزہ فیس تھی جو اب 25 سو
ریال سے کم ہو کر انڈیا کے برابر 300 سو ریال ہو جائیگی،یہ پاکستانیوں کا بڑا مسئلہ تھا جو عمران خان نے حل کروا لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف ماضی میں بھی ڈیل کر کے سعودی عرب گئے تھے اس وقت ہم نے تو انہیں روکا تھا ،وہ مشرف کے دور میں جیل برداشت کر لیتے ۔انہوں نے کہاکہ ہر ملک کو اپنے دوستوں اور اتحادیوں کی ضرورت ہوتی ہے،عمران خان بھی اپنے دوست ممالک سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور سعودی عرب نے عمران خان کی بات قبول کی ہے ،اسے تنقید کا نشانہ نہیں بنانا چاہئے ۔وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ عمران خان سیاستدان نہیں بلکہ ایک رہنما اور لیڈر ہیں،عمران خان کا آصف زرداری اور نواز شریف سے تقابل بنتا ہی نہیں ہے کیونکہ وہ ان کی طرح الیکشن کے سودے کرتے ہیں اور نہ ہی انتخابات کے بارے میں سوچتے ہیں ،وہ ہماری آنیوالی نسلوں کا سوچتے ہیں، قوم اور ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچتے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے اپنی ذاتی زندگی ،کیرئیر اور اپنی ہر چیز پاکستان کے لئے وقف کر دی ہے،انہوں نے مجھ جیسے ہزاروں اور لیڈر پیدا کئے ہیں جنہوں نے اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑ ا اور یہاں تک پہنچے ہیں۔زرتاج گل نے کہا ہے کہ سابق حکومت خزانہ لوٹ کر خود تو گھر چلی گئی لیکن ملک و قوم کو قرضوں کے بوجھ تلے چھوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حیرت کی بات ہے اپوزیشن حکومت کے 50 دنوں میں اپنے 70 سالہ گناہوں کا حساب مانگ رہی ہے،اب ہر اس شخص کی پکڑ ہو گی جس نے ملک کو لوٹا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کی وجہ سے تھر میں لوگ یہ نہیں پہچان سکتے کہ یہ تھر کا بچہ ہے یا ایتھوپیا کا بچہ ہے،وہاں بچے پانی سے مر رہے ہیں ،ابھی تو ان کے ثالث مولانا فضل الرحمن کے قبضے اور کرپشن سامنے آئیگی اور وہ جلد جیل میں حلوہ کھاتے نظر آئینگے۔زرتاج گل نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف کی حکومت ختم کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔