پی آئی اے ملازمین کا احتجاج چھٹے روز بھی جاری ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بحران کے حل کی نئی تجاویز تیار کر لی ہیں۔ چار لاپتا ساتھی بازیاب نہ ہونے پر جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کی طرف مارچ کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔ دوسری طرف رینجرز کی تحقیقاتی کمیٹی نے ایئرپورٹ پر فائرنگ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
کراچی: (یس اُردو) پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری اور ملازمین کی ہلاکت کے خلاف ملازمین کی ہڑتال جاری ہے۔ پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں وارننگ دی گئی ہے کہ ان کے چار لاپتا ساتھی بازیاب نہ ہوئے تو وہ پیر کی صبح جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کی جانب مارچ کریں گے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بحران کے حل کیلئے نئی تجاویز تیار کر لی ہیں جس کے مطابق قومی ادارے کی نجکاری کے بجائے اسے خواجہ سعد رفیق کو دینے کی تجویز تیار کی گئی ہے۔ اجلاس میں موقف اختیار کیا گیا کہ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کو بحران سے نکالا۔ وہ پی آئی اے کو بھی خسارہ سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ادھر حکومتی نمائندوں اور پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان طے شدہ دوسری ملاقات نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف کراچی رینجرز کی تحقیقاتی کمیٹی نے ایئرپورٹ پر فائرنگ واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ میڈیا پر دکھائے جانے والے افراد اور رینجرز اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی گئی۔ رینجرز کمیٹی نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے۔