سینیٹر کا بیان ان کی ذاتی رائے ، اس کا پارٹی ، حکومت اور شریف فیملی سے کوئی تعلق نہیں :مریم اورنگزیب
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے نہال ہاشمی کے متنازعہ بیان پر وضاحت طلب کرلی ۔ وزیر اطلاعات کہتی ہیں سینیٹر کے بیان کا نون لیگ ، حکومت اور شریف خاندان سے کوئی تعلق نہیں ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے سینیٹر نہال ہاشمی سے فوری طور پر متنازع بیان کی وضاحت پیش کرنے کا ہدایت کی ہے۔ ادھر وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہال ہاشمی کا بیان نہایت غیر مناسب اور افسوس ناک ہے ۔ یہ ان کی ذاتی رائے ہے اس سے نون لیگ، حکومت اور شریف فیملی کا کوئی تعلق نہیں ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت آئین اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہے اور تمام آئینی و قانونی اداروں کا احترام کرتی ہے۔