اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرنہال ہاشمی نے چیرمین سینیٹ سے ان کا استعفیٰ منظورنہ کرنے کی درخواست کی ہے جس پرمسلم لیگ (ن) کے رہنما شدید برہم ہیں۔
اپنی متنازعہ تقریرپرہنگامہ کھڑا ہونے کے بعد نہال ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایت پرسینیٹ کی رکنیت سے استعفیٰ چیرمین سینیٹ کے دفتر میں جمع کرادیا تھا لیکن اب وہ چاہتے ہیں کہ یہ استعفیٰ منظورنہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے دو روزقبل اپنے وکیل کے ذریعے رضاربانی کو ایک خط بھی بھیجوایا تھا اوراب نہال ہاشمی نے بذات خود ان سے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے درخواست کی ہے کہ سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ غیر معمولی حالات میں دیا، اس وقت ان پر شدید دباؤ تھا، اس حوالے سے عدالتی کارروائی بھی چل رہی ہے، اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے فوری استعفیٰ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بطور سینیٹر ذمہ داریاں جاری رکھنا چاہتا ہوں، اس لیے استعفیٰ منظور نہ کیا جائے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے وفد نے بھی چیرمین سینیٹ سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے درخواست کی ہے کہ نہال ہاشمی کا استعفیٰ منظورکیا جائے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نہال ہاشمی کو پارٹی قیادت نے استعفیٰ دینے کی ہدایت کی تھی اور مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اپنی قیادت کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔ نہال ہاشمی کو پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھنا چاہئے، پوری پارٹی نہال ہاشمی کا استعفیٰ واپس لینے کو ٹھیک نہیں سمجھتی۔