اسلام آباد(یس اردو نیوز) وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو آج (منگل) کی صبح قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے چیمبر میں طلب کرلیا گیا ہے۔ یہ بات پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پینل آف چیئرمین کے رکن امجد خان نیازی نے اجلاس کی صدارت کے دوران بتائی۔ قبل ازیں قومی اسمبلی میں ملک کی زرعی پالیسی کے حوالے سے ہونے والی بحث کے دوران وفاقی وزیرپارلیمانی امور علی محمد خان نے پینل آف چئرمین کے رکن کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ ایوان میں اتنے اہم موضوع پر بحث ہورہی ہے لیکن وزارت کا کوئی سیکرٹری اس کے نوٹس نہیں لے رہا۔ انھوں نے کہا کہ ایوان میں بحث کرانے کا مقصد یہ ہے کہ متعلقہ وزارت کو اس ایوان کے ارکان کی تجاویز ، مشوروں اور سفارشات سے آگہی ہو جسکی روشنی میں وہ اپنی پالیسیاں وضع کریں۔ چیئرمین پینل نے علی محمد کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ افسوسناک صورتحال ہے سپیکر نے اس مقصد کیلئے زراعت سےمتعلق ایک خصوصی کمیٹی بھی بنائی ہے۔ لیکن اس کے باوجود وزارت زراعت کا کوئی ذمہ دار نوٹس لینے کیلئے موجود نہیں ہے۔ انھوں نے پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد سے کہا کہ چیک کیا جائے کہ وزارت زراعت کے سیکرٹری یا کسی اعلیٰ افسر پارلیمنٹ میں آتے ہیں یا نہیں اگر آتے تو ان کی آمدورفت کا ریکارڈ فراہم کیا جائے اورایوان میں نہ آنے کی وجوہات بھی دریافت کی جائیں۔ اس دوران سپیکر چیمبر سے آنے والی چٹ پڑھنے کے بعد پینل آف چیئرمین کے رکن نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو فوری طورپرآگاہ کیا جائے کہ وہ آج (منگل) صبح سپیکر چیمبر میں آکر ان سے ملاقات کریں۔