مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے بتایا کہ مشیرخارجہ کے پاس وفاقی وزیر کے تمام اختیارات ہیں، انھوں نے بلاول بھٹو کے خطاب اور مطالبات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مشیر خارجہ کو وزیر خارجہ بنانے میں کوئی ہرج نہیں ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ مانتے ہیں کہ سندھ سے ووٹ کم ملے لیکن سندھ میں موٹر وے، گرین لائن بس سروس منصوبے نواز شریف نے ہی دیئے ہیں ۔
طلال چوہدری نے پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی پی سندھ تک محدود ہوگئی ہے، انہوں نے عوام کی فلاح کے لیے کام نہ کیا تو 2018 میں سندھ کے عوام بھی انہیں مسترد کردیں گے ۔ سی پیک پر جو بھی مسئلہ ہے اسے متعلقہ انتظامی اورپارلیمانی کمیٹی کے سامنے اٹھایا جائے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے جیونیوز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پیپلزپارٹی زمینی حقائق سے واقف نہیں، ان کی پارٹی سندھ تک محدود ہوگئی ہے، کیونکہ انہوں نے عوام کی فلاح کیلئے کام نہیں کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سی پیک کے حوالے سے کئے گئے مطالبے پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سی پیک پر قائم انتظامی اور پارلیمانی کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی کی نمائندگی ہے جو بھی بات متعلقہ فورمز پر اٹھائی جائے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 2013کے الیکشن میں قومی دھارے سے نکلی اور اب بھی کام نہ کیا تو سندھ کے عوام بھی انہیں مسترد کردیں گے۔