کراچی; معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کی قوالیاں گانے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔اپنے ایک بیان میں راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کے جانشین ہیں اور انھوں نے ہی ان کی پرورش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد استاد فرخ فتح علی خان اور استاد نصرت فتح علی خان ان کے دادا فتح علی خان کا کلام گاتے تھے، گھر کے دوسرے افراد بھی ان کا کلام گاتے رہے ہیں اور اس میں کوئی اجازت والی بات نہیں رہی۔راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ان کے گھرانے میں قوالی اور صوفیانہ کلام کی میراث 600 برس سے زیادہ پرانی ہے، ان کا گھرانہ ایک خاندان کی طرح ہے اور ان کی سب چیزیں سانجھی ہیں۔واضح رہے کہ حال ہی میں شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان کی صاحبزادی ندا نصرت نے اعلان کیا تھا کہ وہ بغیر اجازت اپنے والد کے گیت گانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔ندا نصرت کا کہنا تھا کہ کھوکر پروڈکشن میوزک فرم نے نصرت میوزک کے جھوٹے حقوق (رائٹس) لیے جس پر انہیں قانونی نوٹس بھیج دیا گیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران جب ندا نصرت سے سوال کیا گیا کہ گزشتہ برس راحت فتح علی خان نے بھی ان کے والد کے گیت بالی وڈ میں گائے تو کیا ان کے خلاف بھی ایکشن ہوگا؟جس پر ندا نصرت کا کہنا تھا کہ راحت فتح علی میرے بھائی ہیں، میں ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لوں گی۔ندا نصرت نے مزید بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کے نام سے ’دی رئیل این ایف اے کے‘ نامی ادارہ قائم کیا ہے، جس کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو گانے کا موقع فراہم کیا جائے گا، تاہم اگر کوئی ان کے والد کے گیت گانا چاہتا ہے تو اسے پہلے اجازت لینی پڑے گی۔