راولپنڈی: شہباز شریف نے کہاہے کہ نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور حنیف عباسی سے ملاقات ہوئی، تمام لوگوں کے حوصلے بلند ہیں، نواز شریف نے قوم سے دعا کیلئے کہا ہے، نواز شریف اپنی ذات کیلئے نہیں قوم کیلئے یہاں آئے تھے، نواز شریف پوری قوم کے لیے قربانی دے رہے ہیں، الیکشن سے پہلے اور بعد میں بھی نواز شریف سے ناانصافی ہوئی۔
اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ این آر او سے متعلق کوئی بات چیت نہیں چل رہی اور نہ کوئی این آر او دینا چاہتا ہے اور نہ کوئی لینا چاہتا ہے۔ لوگ جہاز میں پیسے کے تھیلے لے کر گھوم رہے ہیں، انہوں نے پیسوں کے ذریعے منڈیاں لگائی ہوئی ہیں، پارلیمنٹ میں پہلے روز انتخابات سے متعلق تحقیقات کا مطالبہ کرینگے، تمام جماعتیں دھاندلی کے خلاف احتجاج کررہی ہیں اور نتائج کو مسترد کردیا ہے، الیکشن سے پہلے بھی اور الیکشن کے بعد بھی دھاندلی ہوئی، آر ٹی ایس کیوں بند کیا گیا، پولنگ ایجنٹس کو کیوں نکالا گیا، دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن کا مطالبہ کیا گیا ہے، میں موسم کی خرابی کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوسکا۔