واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد طالبان کے ساتھ مذاکرات کی تجاویز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان سے ملاقات سے پہلے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم طالبان سے بات چیت نہیں کرنا چاہتے ، وہ اپنے ہی بے گناہ لوگوں کو قتل کررہے ہیں، اس وجہ سے ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ افغان طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت مذاکرات کے لئے تیار نہیں، ممکن ہے کہ آگے جاکر کسی وقت طالبان کے ساتھ بات چیت ہو لیکن فی الحال اس کا کوئی امکان نہیں۔
خیال رہے کہ 21 جنوری کو کابل میں واقع ہوٹل میں طالبان نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 11 غیر ملکیوں سمیت 22افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ اس سے قبل 27 جنوری کو کابل میں وزارت داخلہ کی پرانی عمارت کے باہر ایمبولینس کے ذریعے خود کش دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں 95افراد ہلاک اور 158 زخمی ہوئے۔