“آئیکن اسپیک” ٹی شرٹ میں مختلف قسم کے چھوٹے چھوٹے آئیکن بنے ہیں جن میں گھڑی سے لے کر بیت الخلا تک کے آئیکن شامل ہیں
لاہور (یس اُردو) اگر آپ ان لوگوں میں سے ہیں، جنہیں گھومنے پھرنے اور سیر سپاٹے کا بہت شوق ہوتا ہے، لیکن زبان کے فرق کی وجہ سے دوسرے ممالک میں جانا مشکل ہوجاتا ہے تو آپ کے لیے “آئیکن اسپیک” نامی ٹی شرٹ بہت کارآمد ثابت ہوگی ۔اِس ٹی شرٹ میں مختلف قسم کے چھوٹے چھوٹے آئیکن بنے ہیں جن میں گھڑی سے لے کر بیت الخلا تک کے آئیکن شامل ہیں۔ ان کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ اگر آپ اپنی زبان میں ان سے کچھ پوچھ نہ پا رہے ہوں تو اپنی ٹی شرٹ پر بنے آئیکن کی طرف اشارہ کریں اور اسے دیکھ کر وہ ممکنہ طور پر آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔”آئیکن اسپیک” دو دوست جارج ہورن اور فلورئین ناسٹ کی ذہنی کاوش ہے۔ 2013ء میں ایشیا کی سیر کے دوران یہ دونوں دوست ایک بہت ہی چھوٹے اور الگ تھلگ گائوں میں پھنس گئے تھے۔ یہ ایسا گائوں تھا جہاں سہولیات کا نام و نشان تک نہیں تھا اور آبادی بھی انتہائی کم تھی۔ بس وہاں لوگوں سے بات کرنے اور اپنی ضرورتیں بتانے میں انہیں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اْس کا احساس کرتے ہوئے ان دونوں دوستوں نے اْس وقت سے ایسی ترکیب سوچنا شروع کردی جس کا استعمال کرتے ہوئے زبان کا مسئلہ ختم ہوجائے اور دو سال بعد ہی “آئیکن اسپیک ٹی شرٹ” کا آئیڈیا لوگوں کے سامنے رکھا۔”آئیکن اسپیک” کی ٹی شرٹ کی تین اقسام مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ لمبی، چھوٹی اور بغیر آستین والی ٹی شرٹ ، اس کے ساتھ ہی بستہ اور ٹوپیاں بھی موجود ہیں جن پر کچھ آئیکنز بنے ہوئے ہیں۔ یہ مصنوعات “آئیکن اسپیک” کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں اور اس کے بنانے والے دونوں دوست یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی بنائی گئی مصنوعات دنیا کے ہر کونے میں کام آئیں گی۔جارج ہورن کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ ٹی شرٹ حال ہی میں ناروے میں استعمال کی اور اْس وقت اندازہ ہوا کہ اِس شرٹ کے استعمال کے بعد کام کس قدر آسان ہوجاتا ہے۔ لوگ آپ کی بات جلد سمجھ جاتے ہیں۔ اگر آپ ایک بس اسٹاپ پر جا کر ٹی شرٹ پر بنی بس اور گھڑی کی طرف اشارہ کریں تو وہاں کوئی بھی سمجھ جائے گا کہ آپ بس کے چلنے کا وقت پوچھ رہے ہیں ۔