اوسلو ………نوبیل انعام دینے کی پروقار تقریبات اوسلو اور اسٹاک ہوم میں ہوئی۔امن، فزکس، کیمسٹری ، میڈیسن، اکنامکس اور دیگر شعبوں میں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔اوسلو میں امن کا نوبیل پرائز دینے کی پروقار تقریب سجائی گئی۔
تیونس میں مکالمے کے ذریعے جمہوریت کی جانب منتقلی میں اہم کردار ادا کرنے والی آرگنائزیشن کو امن کا نوبل انعام دیا گیا۔ اس تقریب میں ناروے کے بادشاہ ہیرالڈ بھی موجود تھے۔اُدھر اسٹاک ہوم کے کنسرٹ ہال میں دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو نوبل انعام دیا گیا ،سوئیڈن کے بادشاہ کارل گستاف نے گولڈ میڈلز اور نوبل کی انعامی رقم تقسیم کی۔فزکس میں دوہزار پندرہ کا نوبیل انعام جاپانی سائنس دان تاکاکی کاجیٹا اور کینیڈا کے سائنس دان آرتھر بی مک ڈونلڈ کے نام رہا۔ انہوں نے کائنات کے مبہم ترین ذرات نیوٹرینوز میں کمیت کی موجودگی کی دریافت پر کام کیا۔کیمسٹری کا نوبیل انعام ، ڈی این اے کی مرمت کے مطالعے پر سوئیڈن کے ٹامس لنڈال، امریکا کے پال موڈرچ اور ترک نژاد امریکی عزیز سنکار کو دیا گیا۔ فزیولوجی اور میڈیسن کے شعبے کا نوبل انعام انسداد ملیریا اور راؤنڈ ورم طفیلیوں کے خلاف ادویات کی تیاری پر دیا گیا۔ ولیم کیمبل اور ستوشی اومورا نے سوئیڈن کے بادشاہ سے اپنے اعزاز وصول کیے۔ ادب کا نوبیل انعام سٹلانا الیسی وچ اور اکنامک سائسنز کے شعبےمیں نوبیل انعام انگس ڈیٹن کو دیا گیا۔اس موقع پر نوبیل انعام حاصل کرنے والے مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔