اسلام آباد: جہاد کا اعلان صرف ریاست کا حق ہے، سوشل میڈیا پر قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی: وفاقی وزیر داخلہ کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا جہاد کا اعلان صرف ریاست کا حق ہے، ختم نبوت کا حلف اٹھانے والوں پر انگلی اٹھانے کا اختیار کسی کو نہیں۔ انہوں نے کہا مذہبی معاملات پر سیاست گھناؤنا جرم ہے، سوشل میڈیا پر قتل کے فتوے دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ احسن اقبال نے کہا جہاد کا فتویٰ محلے کی ہر مسجد سے جاری نہیں ہو سکتا، مذہبی قیادت آگے بڑھے اور ان رحجانات کی بیخ کنی کریں۔ انہوں نے کہا دشمن چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑائیں، داخلی سلامتی کو جو خطرات لاحق ہیں ان سے جان چھڑانا ہوگی۔