اسلام آباد: نامزد وزیر اعظم عمران خان سمیت نومنتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھاچکے ہیں۔ عمران خان کو سرکاری پروٹوکول میں بنی گالہ سے قومی اسمبلی لایا گیا جہاں آتے ہی اسمبلی کے اہلکار انہیں ایک مخصوص جگہ پر لے گئے اور ان کی تصاویر بنائیں۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق نومنتخب ارکان کے اسمبلی کارڈ کیلئے پورا فوٹو سٹوڈیو تیار کیا گیا تھا ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسمبلی پہنچے تو انہوں نے صرف شلوار قمیض پہن رکھی تھی اس موقع پر فوٹو گرافر نے اپنی واسکٹ اتار کر عمران خان کو پہنائی اوران کا پوز درست کراتا رہا۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ واضح رہے کہ عمران خان کی یہ تصاویر قومی اسمبلی کے ریکارڈ کے لئے لی گئی ہیں۔
جبکہ دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق 15 ویں قومی اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیاہے جن میں آصف زرداری ، بلاول ، شہبازشریف اور عمران خان سمیت دیگر اہم رہنما بھی شامل ہیں تاہم پوری الیکشن مہم دوران میڈیا میں سب سے زیادہ ’اِن ‘ رہنے والے شیخ رشید قومی اسمبلی میں غائب غائب نظر آ ئے ، وہ شریک تو ہوئے اور حلف بھی لیا لیکن انہیں میڈیا کوریج نہیں ملی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے دوران شیخ رشید اس طرح منظر نامے میں چھائے ہوئے نظر نہیں آئے جس طرح وہ الیکشن مہم کے دوران ہر طرف نظر آتے تھے ، اجلاس کے دوران شیخ رشید ایک سائیڈ پر بیٹھے دکھائی دیئے جس کے کچھ دیر بعد وہ عمران خان کی بائیں جانب جا کر بیٹھ گئے جبکہ عمرا ن خان کی دائیں جانب شاہ محمود قریشی براجمان رہے ۔تاہم انتہائی دلچسپی کا امر یہ ہے کہ قومی اسمبلی کی پوری کارروائی کو سرکاری ٹی وی نے بھر پور طریقے سے کور کیا اور تقریبا ہر معروف رکن کا تعارف کروایا لیکن شیخ رشید کو کوریج نہیں ملی اور پی ٹی وی نے انہیں دکھایا بھی نہیں۔