اسلام آباد(ایس ایم حسنین) گوادر ریجن میں چمکتا ہوا ہیرا بنے گا، بندرگاہ اور شہر کی صنعتی ترقی روشن مستقل کی طرف بڑھ رہے ہیں، یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ اپنی تعیناتی کے بعد گوادر بندرگاہ کے پہلے خصوصی دورے پر کہی۔ انھوں نے گوادر میں سی پیک کے مختلف منصوبوں کے دورے کے دوران کہا کہ وہ چینی اور پاکستانی کارکنوں کی ٹیم ورک دیکھ کر بہت متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشترکہ کوششیں وبائی مرض کے دوران بھی گوادر کی تعمیر و ترقی کا مظہر ہیں۔اس موقع پر انھوں نے گوادر میں مجر جنرل ایم عامر نجم جنرل آفیسر کمانڈنگ اورکمانڈر پاکستان نیوی مغربی کمانڈ ریئر ایڈمرل جواد احمد سے بھی ملاقات کی۔سفیر نونگ رونگ نے پاکستان کی سیکورٹی فورسز کی طرف سے سی پیک منصوبوں اور اہلکاروں کے تحفظ کیلئے کیے گئے مربوط اقدامات کی تعریف کی۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ گوادر کے ساحلی شہر سے بہت متاثر ہوا ہوں، یہ ریجن میں چمکتا ہوا ہیرا بنے گا، شہر میں صنعتی ترقی اور بندرگاہ کی ترقی مستقل میں خوشحالی لے کر آئیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی بنیادوں پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کی تعمیر بہت اہم ہے۔ اس موقع پر انھوں نے وزیراعظم کی کلین گرین گوادر سکیم کے تحت گوادر میں گرین ایمپلائمنٹ سکیم کا اجرا بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ علاقے کے قدرتی سرسبز ماحول کے تحفظ اور تعمیر میں مل کر کام کریگا۔ دریں اثنا چین کے سفیر نونگ رونگ نے فقیر کالونی گوادر کے مڈل سکول میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں سکالرشپس تقسیم کیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے طلبا وطالبات کو سخت محنت کرنے کی نصیحت کی اور انھیں کہا کہ وہ پاکستان اور چین کی دوستی کو نسل درنسل لے کر چلنے میں اپنا کردار ادا کریں۔