لاہور: اداکارہ کا کہنا ہے کہ ناکام شادی، طلاق کے بعد ٹوٹ گئی تھی جو میری زندگی کا سب سے دردناک دور تھا. خاتون مرشد سے ملنے اور عبادت کے بعد میری مشکلات کم ہونا شروع ہوئیں۔
کچھ عرصہ قبل اداکارہ نورکی جانب سے حجاب لینے کے فیصلے نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا تھا۔ میڈیا اور ان کے مداح یہ جاننے کیلئے بے چین تھے کہ آخر نور نے اچانک یہ قدم کیوں اٹھایا تاہم نور بخاری نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو کے دوران حجاب لینے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہر کام خدا کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے۔ میں اپنی شادی ٹوٹنے پر بے حد اداس تھی، وہ بہت مشکل وقت تھا مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کیاکروں جب چیزیں مزید خراب ہونا شروع ہوگئیں تو میں مذہب کی جانب مائل ہوگئی تاہم ایسا نہیں ہے کہ مجھے ’’نئی نور‘‘ میں تبدیل ہونے کیلئے مجبور کیا گیا بس یہ سب ہونا تھا اور ہوگیا۔ نور نے کہا کہ طلاق کے بعد میں مکمل طور پر ٹوٹ گئی تھی، شوہر سے علیحدگی کا وقت میری زندگی کا سب سے دردناک دور تھا جس سے میں اکیلی گزر رہی تھی، بدقسمتی سے کوئی بھی نہیں جانتا تھا کہ میں کس کیفیت سے گزر رہی ہوں۔ اس وقت میں ایک خاتون مرشد سے ملی اور عبادت کرنا شروع کی جس کے بعد میری مشکلات کم ہونا شروع ہوگئیں اور مجھے ناکام شادی کے غم سے باہر نکلنے میں بھی بہت مدد ملی۔ انہوں نے کہا مجھے حجاب لینے کیلئے کسی نے بھی مجبور نہیں کیا تھا۔