واشنگٹن…….وائٹ ہاوس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا اور اتحادی شمالی کوریا کے خلاف موثر اقدامات کی ضرورت پر متفق ہیں۔ پینٹاگون نے جنوبی کوریا میں جدید میزائل دفاعی نظام کی تنصیب کے لیے مشاورت کی تصدیق کردی۔
وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا اور اتحادی ممالک حالیہ راکٹ تجربے کے بعد شمالی کوریا کے خلاف موثر جوابی اقدامات پر متفق ہیں۔ جس کے لیے ایک معاہدے کی ضرورت ہے۔ تاکہ اقتصادی پابندیاں عائد کرکے شمالی کوریا کو مزید تنہا کر دیا جائے۔ دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کُک نے تصدیق کردی ہے کہ جنوبی کوریا میں جدید میزائل دفاعی نظام کی تنصیب کے لیے امریکا اور جنوبی کوریا باضابطہ طور پر مشاورت کریں گے۔ شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے طویل فاصلے تک مار کرنے والے سیٹلائٹ راکٹ کا تجربہ کیا تھا۔