شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے سنگاپور پہنچ گئے۔سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر خارجہ ویویان بلکرشنان نے کم جانگ ان کا استقبال کیا اور ان کے استقبال کی ایک تصویر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی۔شمالی کوریا کے سپریم لیڈر آج سنگاپور کے وزیراعظم لی ہیسن لونگ سے ملاقات کریں گے جس میں مختلف امور پر باتچیت ہوگی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جانگ ان کے درمیان 12 جون کو ملاقات شیڈول ہے جس کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ سنگاپور کے وزیراعظم کا صحافیوں کو بتانا تھا کہ اس ملاقات پر 15 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔دوسری جانب کینیڈا میں جی سیون کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں کم جانگ ان اپنے عوام کے لیے کچھ اچھا کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ان کے پاس اچھا موقع ہے اور ایسا موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔امریکی صدر نے قیاس آرائی کی کہ اگر کم جانگ ان سے ملاقات ہوئی تو انہیں معلوم ہے کہ ملاقات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ان کے خیال میں وہ ملاقات کے پہلے منٹ میں ہی جان لیں گے کہ ملاقات کیسی ہوگی لیکن اگر ملاقات سودمند نہ ہوئی تو وہ کم از کم آپس میں مل ہی لیں گے۔