بیجنگ: شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن 2 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے، صدر شی جن پنگ سمیت چینی قیادت سے باہمی تعلقات اور علاقائی امن پر بات چیت کریں گے۔ دارالحکومت بیجنگ کی سڑکوں پر ایک کاررواں کی فوٹیج جاری کی ہے جسکے بارے میں قیاس ہے کہ اس میں کِم سفر کر رہے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن آج اور کل چین میں قیام کے دوران صدر شی جن پنگ سمیت چینی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران باہمی تعلقات اور علاقائی امن سمیت عالمی معاملات پر بات چیت کریں گے۔ شمالی کورین سربراہ کا رواں برس چین کا یہ تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل کِم 12 جون کو سنگاپور میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کر چکے ہیں جس میں انہوں نے ایٹمی پروگرام بند کرنے اور کوریائی خطے میں امن کے قیام میں تعاون کا وعدہ کیا تھا۔