دریمن (سید حسین) پاکستانی پس منظررکھنے والے نارویجن سیاستدان سید یوسف گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لیے ’’سٹی ڈیپلومیسی‘‘ جیسے موثر ذریعے سے استفادہ کیاجاسکتاہے۔ انھوں نے یہ بات پاکستانی دانشوراور پی ایچ ڈی ری سرچر سیدسبطین شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان کے دفترمیں ان سے ملاقات کی۔سید یوسف گیلانی غیرملکی پس منظر رکھنے والے پہلے مسلمان نارویجن سیاستدان ہیں، جوگذشتہ سال ستمبرمیں دریمن شہر کے ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں۔
ان کے بقول، وہ اس وقت ایک تجویز پر کام کررہے ہیں جس کے تحت ناروے کے شہردریمن کو پاکستان کے کسی ایک شہر کے ساتھ جڑواں شہر قرار دیاجائے گا۔ انھوں نے کہاکہ اس کام کو سٹی ڈیپلومیسی کانام دیاگیاہے اور اس سے ممالک اور ان کے عوام ایک دوسرے کے قریب آسکتے ہیں۔میں اس ’’شہری سفارتکاری ‘‘کو بروئے کارلاکرپاکستان کے ساتھ ناروے کے تعلقات بڑھانا چاہتا ہوں۔ عالمی معاملات میں یہ ایک مثبت سیاست ہے اوراس سے استفادہ ہوناچاہیے۔ سید سبطین شاہ جو بین الاقوامی تعلقات سے متعلق ایک موضوع پر تحقیق کررہے ہیں، نے اس تجویزکو سراہتے ہوئے کہاکہ جڑواں شہروں جیسی کاوشوں سے نہ صرف دونوں ممالک کی لوکل باڈیز کے مابین قربت بڑھتی ہے اوروہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے ہیں۔
بلکہ اس سے ملکوں کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملتی ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ انسانوں کے رویئے معاشرے کی بہتری یا خرابی کے لیے بہت اہم ہوتے ہیں ۔اچھے سلوک اور اچھے کام کرکے دوسروں کے دل جیتے جاسکتے ہیں۔ پاکستا ن اس وقت گھمبیر مسائل کا شکارہے اور معاشرے میں واقعاًایک کشمکش موجودہے لیکن اس ساری صورتحال میں اچھائی کی امیدیں باقی ہے۔یوسف گیلانی نے کہاکہ اگرچہ وہ ناروے میں پیداہوئے اورپاکستان ان کا آبائی ملک ہے لیکن پاکستان میں ان کی جڑیں ہیں اوروہ اس ملک کو نہیں بھول سکتے۔
پاکستان میں مجوزہ جڑواں شہرکا نام ظاہرکئے بغیر یوسف گیلانی نے مزید کہاکہ وہ ناروے اور پاکستان کے مابین دوستی اورمفاہمت کو مضبوط بناناچاہتے ہیں۔انھو ں نے کہاکہ شہروں کی ترقی کے لیے سٹی ڈیپلومیسی ایک اہم راستہ ہے۔بیالیس سالہ یوسف گیلانی متعدد بار دریمن سٹی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوتے آرہے ہیں۔ وہ نارویجن کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور ٹیم کے منیجر رہ چکے ہیں۔ ان دنوں دریمن کی ڈپٹی میئرشب کے علاوہ وہ اوسلوکے قریبی حلقے آسکرمیں نارویجن ویلفیئر وایڈمنسٹریشن اتھارٹی کے انچارج ہیں۔
گیلانی جن کے والدڈاکٹر سید اظہرگیلانی ستر کی دہائی میں پاکستان کے شہرلاہور سے ناروے آئے ، مین سٹریم نارویجن سوسائٹی کے اندراثرورسوخ رکھتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ وہ ناروے میں مقیم غیرملکی پس منظررکھنے والی کمیونٹیزمیں بھی فعال کردار اداکررہے ہیں۔گذشتہ دنوں ان کے اعزازمیں دریمن شہرمیں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔