اوسلو (سید حسین) ناروے میں پاکستان کی سفیر محترمہ رفعت مسعود نے کہا ہے کہ نارویجن پاکستانی خصوصاً ان کی سماجی اورثقافتی تنظیمیں پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے اہم کردار اداکرسکتی ہیں۔ یہ بات انھوں نے یہاں پاکستانی دانشور اورپی ایچ ڈی ری سرچرسید سبطین شاہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے اوسلومیں سفارت خانہ پاکستان میں ملاقات کی۔ملاقات میں بزرگ نارویجن پاکستانی میاں محمد اسلام بھی موجودتھے جنھوں نے نارویجن پاکستانیوں کے پاکستان سے مسائل سے سفیرپاکستان کو آگاہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے کہاکہ ناروے میں پاکستانیوں کے نجی ادار ے اور تنظیمیں بہت فعال ہیں اوران میں یہ صلاحیت موجودہے کہ وہ نئی نارویجن پاکستانی نسل کو پاکستان سے جوڑے رکھیں۔ اس وقت نارویجن پاکستانیوں کی تیسری نسل سامنے آچکی ہے اورسیاحت کے ذریعے اس نئی نسل کو پاکستان کے ساتھ جوڑا جاسکتاہے۔ محترمہ رفعت مسعود جو اس سے قبل متعدد مغربی اور ایشیائی ممالک میں سفارتی خدمات انجام دے چکی ہیں، چند ماہ قبل ہی ناروے میں پاکستان کی سفیر تعینات ہوئی ہیں۔
انھوں نے کہاکہ میں نے گذشتہ ہفتوں کے دوران متعدد تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور ان کے ثقافتی اور مذہبی مراکز کا دورہ کرکے یہی تجویزان کے سامنے پیش کی ہے۔پاکستان میں متعدد خوبصورت اورتاریخی مقامات ہیں۔ اسلام آباد،لاہور، مری، سوات اور دیگر شہروں کے لیے سیاحتی پروگرام بنائے جاسکتے ہیں۔ ان تنظیموں کی رہنمائی میں اپنی چھٹیوں کے دوران چھوٹے چھوٹے گروپوں میں نارویجن پاکستانی نوجوان پاکستان جاسکتے ہیں۔سید سبطین شاہ نے سفیرپاکستان کی تجویز کا سراہااور کہاکہ اس سے پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں مدد ملے گی کیونکہ یہ نوجوان واپس آکر پاکستان کے بارے میں مثبت تاثرات دے سکتے ہیں۔
خاص طورپر کالجوں اور سکولوں کی چھٹیوں کے دوران اس طرح کے ٹورزکا انتظام کیاجاسکتاہے۔ انھوں نے کہاکہ واقعاً نارویجن پاکستانی سماجی اور ثقافتی تنظیمیں ناروے اور پاکستان کو نزدیک لانے میں پہلے ہی اہم کردار اداکررہی ہیں۔ ناروے ۔پاکستان تعلقات کے بارے میں سفیر پاکستان نے کہاکہ ناروے اور پاکستان کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور ان تعلقات کو فروغ دینے میں نارویجن پاکستانیوں کا کرداراہمیت کا حامل ہے۔
اس وقت ناروے اور پاکستان کے مابین کئی شعبوں میں تعاون موجودہے۔انھوں نے کہاکہ ناروے میں پاکستانیوں نے اپنی محنت اورایمانداری سے اچھانام کمایاہے۔ خاص طورپر اس وقت متعدد نارویجن پاکستانی نارویجن سیاست میں پیش پیش ہیں۔ اس سے قبل بھی کئی پاکستانی ناروے کی مرکزی اور مقامی پارلیمنٹس کے رکن رہ چکے ہیں۔ سید سبطین شاہ نے بعد ازاں پاکستانی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ابرارحسین خان سے بھی ملاقات کی اور اس دوران ناروے۔ پاکستان تعلقات، نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔