لاہور: معروف اداکارہ وماڈل حمائمہ ملک نے کہا ہے کہ جولوگ ایمانداری اورمحنت کے ساتھ اپنا کام کرتے ہیں، ان کو کامیابیاں ملتی ہیں اورجو لوگ شارٹ کٹ مارکرآگے بڑھتے ہیں، انھیں ایک نہ ایک دن ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حمائمہ ملک نے کہا کہ مجھے شوبزانڈسٹری میں کام کرتے ہوئے ابھی چند برس ہی ہوئے اوریہ اللہ پاک کا خاص کرم ہے کہ میرے منفرد کام کی وجہ سے میری پہچان ہے۔ یہ سب کچھ آسانی سے نہیں ملا ، بلکہ اس کے لیے دن رات محنت کی ہے۔ میں نے کبھی بھی اپنے کام کوآسان نہیں سمجھا۔ میں اپنے ہرپروجیکٹ کواپنا پہلا پروجیکٹ سمجھ کرکام کرتی ہوں اوراس میں حقیقت کے رنگ بھرنے کے لیے دل وجان سے محنت کرتی ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ مجھے پیارکرتے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں میں ویسے تومیوزک کا شعبہ ایسا ہے کہ پاکستانی گائیک اور سازندے پوری دنیا میں جانے جاتے ہیں اوران کے پرستاروں کی بڑی تعداد ہر جگہ موجود ہے لیکن اب اداکاری کے شعبے میں بھی پاکستانی فنکاروں کے پرستاروں کی تعداد میں حیرت انگیزاضافہ ہونے لگا ہے، ایک طرف ہمارے فنکاروں کے چاہنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے تودوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک سے ایوارڈز اوراعزازات ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، جوکہ بہت خوش آئند ہے۔
ایک سوال کے جواب میں حمائمہ ملک نے کہا کہ میرے پرستاربڑی بے صبری سے میری فلموں کا انتظار کرتے ہیں، اس لیے میں اپنے پرستاروں کو یہ پیغام دینا چاہوں گی کہ ان کوبہت سا انٹرٹین کرنے کے لیے میں پاکستان کی ایک انٹرنیشنل معیار کی فلم میں بہت جلد منفرد کردارنبھاتے نظر آؤنگی۔ اس فلم کا جس طرح میرے پرستاروں کو بے صبری سے انتظار ہے، اسی طرح مجھے بھی اس فلم کوبڑے پردے پردیکھنے کا شدت سے انتظار ہے۔