فیصل آباد……..فیصل آباد میں فلموں کے پوسٹر پینٹ کرنے والے آرٹسٹ کی پینٹنگ نے امریکا کی ایک عالمی نمائش میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ دعوت کے باوجود ہوائی سفر کے لیے رقم نہ ہونے کے باعث آرٹسٹ انعام وصول کرنے امریکا نہیں جا سکا۔وقت کے ساتھ ساتھ پاکستانی فلم انڈسٹری پر زوال کے سبب فلموں کی تشہیر کے لیے استعمال ہونے والے ہاتھ سے پینٹ شدہ پوسٹر کا کاروبار بھی زوال کا شکار ہونے لگا لیکن اس کام میں مہارت حاصل کرنےو الے فیصل آباد کے بھولا جاوید نے اپنی مشق نہ چھوڑی اور منی ایچر پورٹریٹ پینٹگ میں باقاعدہ قدم رکھ لیا۔فن سے لگاؤ رکھنے والے فیصل آباد کے آرٹسٹ بھولا جاوید نے واشنگٹن میں منی ایچر پینٹنگ کی عالمی نمائش میں اپنی بنائی ہوئی 3 پینٹنگز بھیجیں جس میں سوات گرل کی پینٹنگ کو دوسری پوزیشن کے لیے منتخب کیا گیا لیکن اسے افسوس ہے کہ وسائل کی کمی کے باعث وہ ایوارڈ وصول کرنے نہیں جاسکتا۔
بھولا جاوید کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ کو میں اپنی پاکستانی قوم کے نام کرتا ہوں۔ افسوس یہ ہے کہ میں وسائل کی کمی کے باعث یہ اپنا ایوارڈ وصول کرنے واشنگٹن نہیں جا سکتا۔ دنیا بھر کے 260آرٹسٹوں کے مابین ہونےو الے اس عالمی مقابلے میں پاکستان کے لیے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والا بھولا جاوید آئندہ برسوں میں پاکستان کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔