کراچی (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر کا کہناہے کہ نیب اچانک سرگرم ہوجاتا ہے، لگتا ہے عمران خان کی خواہش پر کارروائیاں کی جارہی ہیں، عمران خان کے پاس اختیار نہیں۔ نیب این آر او کرسکتاہے ۔ اے آروائی نیوز کے پرو گرام ”سوال ہے“ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا ہے کہ نیب کے قوانین بہت خراب ہیں ، نیب اچانک سرگرم ہوجاتاہے اور پتہ ہی نہیں چلتا ۔نیب نے شہبازشریف کودوماہ قید میں رکھا لیکن ان کے کیخلاف کیا نکلا ہے ؟ محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ میرا دل کرتاہے کہ ساری اپوزیشن کواندر کردوں ، اس لئے لگتایہ ہے کہ نیب عمران خان کی فرمائش پر کارروائیاں کررہا ہے۔ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ عمران خان این آر او کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے پاس این آر او کرنے کا اختیار کہاں ہے ؟عمران خان کے پاس این آر او دینے کا اختیار نہیں ہے ، این آر او صرف نیب کرسکتا ہے ، وزیر اعظم نہیں کر سکتا۔ رہنما محمد زبیر نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کے پاس استعفیٰ کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا ، لگتاہے کہ وزیر اعظم کوغلط باتیں بتائی جاتی ہیں۔