لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کے حوالے سے بڑا حکم جاری کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے حکم دیا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کو ہیلمٹ پہننا ضروری ہو گا ، واضح رہے کہ لاہور انتظامیہ کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں ۔
خاتون یا مرد دونوں کے لیے ہیلمٹ پہننا ضروری ہو گا ، سکول وینز پر اوور لوڈنگ کرنے والوں پر بھی جرمانہ ہو گا ۔ جبکہ دوسری جانب پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہر میں الیکٹرانک چالان بارے تفصیلات جاری کر دیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیف سٹی کیمروں کی مددسے ا ب تک 75ہزار ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں. ای چالان کی مد میں 7ملین سے زائد جرمانہ قومی خزانے میں جمع ہوا۔ ترجمان کے مطابق اتھارٹی نے 8000 سے زائد گاڑیوں کا ریکارڈ درستگی کیلئے محکمہ ایکسائز کو بھجوایا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی، موٹرسائیکل، رکشہ سمیت ہر سواری کا بلا امتیاز چالان کیا جا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق595 الیکٹرانک چالان پنجاب کے دوردراز علاقوں میں بھی جمع کروائے گئے۔ لاہور میں ہونے والی خلاف ورزی کے چالان BoP کی ملتان، لیہ، لودھراں، ساہیوال اور گجرانوالہ برانچوں میں بھی جمع ہوئے۔ چالان جمع نہ کروانے کے باعث مخصوص شاہراہوں پر موٹرسائیکل کے داخلے پر پابندی زیر غورہے۔ ترجمان کے مطابق چالان جمع نہ کروانے والوں کو بینک کی شاخوں کے قریب ناکے لگا کر پکڑا جائے گا۔ جلد ہی سیف سٹیز اتھارٹی کی ویب سائٹ(PSCA.GOP.PK) پر ای چالان دیکھے جا سکیں گے۔ شہری اپنے قومی شناختی کارڈ اور وہیکل رجسٹریشن نمبرکے ذریعے آن لائن چالان دیکھ سکیں گے۔