لاہور(ویب ڈیسک) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق مغربی ہواوٗں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود ہے اور بدھ تک برقرار رہیگا۔ملک کے شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہیگا۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، مردان ڈویژن اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوہاٹ، پشاور،سرگودھا، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ ڈویژن،
اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔ دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ سموگ کی شدت میں بھی بتدریج اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک کے کئی شہر سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ شہر لاہور میں سموگ کا راج برقرار ہے۔ شہر کے مختلف اسپتالوں میں سموگ سے متاثرہ ایک ہزار سے زائد شہری سانس اور آنکھوں کی تکلیف کی شکایت لئے اسپتال پہنچ رہے ہیں۔طبی ماہرین سموگ سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر کے استعمال سمیت بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ہوا میں آلودگی کی شدت کے حوالے سے بات کی جائے تو آلودگی کا تناسب پرٹیکولیٹ میٹر 10 کی سطح 373 تک پہنچ گئی ہے جو کہ 150 تک ہونا چاہئے جبکہ پی ایم 2.5 کا لیول بھی 323 کی خطرناک حدتک بڑھ گیا جو کہ سانس کی بیماریوں کا مؤجب ہے۔