عمران خان نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف دو نومبر کے دھرنے کے لیے ہر پاکستانی گھر سے نکلے
اسلام آباد :عمران خان کا کہنا ہے کہ دو نومبر کو کرپٹ الیون سے میچ ہو گا ، پاناما کا احتساب چاہتے ہیں لیکن یہ بھی چاہتے ہیں کہ جمہوریت ڈی ریل نہ ہو ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا اسلام آباد بار کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیس سال سے جدوجہد کررہے ہیں ، کیا اب بھی لڑائی نہ کریں ، پاناما کی تحقیقات ہونی چاہیے یہی مطالبہ ہے ۔
عمران خان نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ڈبل شاہ قرار دے دیا ۔ عمران خان نے زور دیا کہ کرپشن کے خلاف دو نومبر کے دھرنے کے لیے ہر پاکستانی گھر سے نکلے ۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بار سے خطاب کے خلاف اسلام آباد بار کونسل میں درخواست دائر کی گئی ، ملک وسیم سجاد ظفر ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی جماعت نے اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ، بار کو سیاسی طور پر استعمال کرنا ایسوسی ایشن اور بار کونسل کے قوانین کے خلاف ہے، بار کے عہدیداران مینڈیٹ کا احترام کریں ، بارعہدیداران سیاسی جماعت کے آلہ کار کا فورم استعمال نہ کریں ۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ بار ممبرز کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے،عمران خان کی آمد سے لڑائی جھگڑے اور فسار کا اندیشہ ہے ۔