کراچی ; عمران خان سے طویل مدت یارانہ رکھنے والے سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم کے عہدے کیلئے بہترین امیدوار ہیں، میں گارنٹی کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس عہدے کیلئے ان کا کوئی بدل نہیں۔بھارتی میڈیا سے بات
کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان وزیر اعظم کے عہدے کیلئے بہترین امیدوار ہیں، میں گارنٹی کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس عہدے کیلئے ان کا کوئی بدل نہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے امیدواروں کو پہلے کئی دفعہ آزمایا جا چکا ہے، اب عمران خان کی باری ہے، عوام ان کو نظر انداز کرنے کے لئے بیوقوف نہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ ان کے بارے میں بات کرتے ہیں ،انہوں نے ملک کے لئے 15 سے 20 سال محنت کی ہے،اب انہیں ہی جیتنا چاہئے۔مجھے پورایقین ہے کہ وہ پاکستان کیلئے بہت اچھا کام کریں گے۔میانداد نے عمران خان کی تعریف میں کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ 1992 میں انہوں نے پاکستانکے لئے ورلڈ کپکس طرح جیتا ، ان کی سب سے بڑی کامیابی کینسر ہسپتال ہے جسے انہوں نے تعمیر کروایا، اس ہسپتال سے پورا ملک فائدہ اٹھا رہا ہے، لوگ کبھی ان کے فلاحی کاموں کو نہیں بھولیں گے۔جاوید میانداد چونکہ عمران خان کو 1975 کے ورلڈ کپ سے جانتے ہیں ،ان کا دعویٰ ہے کہ ان سے بہتر عمران خان کو کوئی نہیں جان سکتا ۔وہ ایک تعلیم یافتہ انسان ہیں۔وہ اب پہلے جیسے نہیں ہیں انہوں نے اپنی بہت سی خامیوں کو دور کیا ہے ،ْمیں ان کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔
انہوں کہا کہ عمران خان نے 2015 میں بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کی کرکٹ کی بحالی کی بات کی۔جاوید میانداد کو اس بات کا یقین ہے کہ عمران خان وزیر اعظم بننے کے بعد کرکٹ کے لئے بھر پور کام کریں گے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان کے عظیم کرکٹر جاوید میاں داد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھارت کے خلاف شارجہ کا تاریخی چھکا پان کھا کر لگایا تھا۔کراچی کی سیاست میں پان کی گردان شہباز شریف سے جاوید میاں داد تک آن پہنچی ہے اور اب لیجنڈ کرکٹر نے کراچی کی اس روایت کو سیاست میں داخل کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے این اے 244 سے تحریک انصاف کے امیدوار علی زیدی سے ملاقات کی اور پہلے خود پان کھایا، پھر علی زیدی کو کھلایا۔اس دوران جاوید میاں داد نے انکشاف کیا کہ شارجہ میں بھارت کے خلاف تاریخی چھکا بھی پان کھا کر لگایا تھا۔جاوید میانداد نے ایک پان عمران خان کیلئے بھی بھجوایا اور الیکشن میں علی زیدی کی کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شہباز شریف کے دورہ کراچی میں ایک رپورٹر نے کراچی کو ‘کرانچی’ کہہ کر ان سے کوئی سوال کیا تھا جس پر صدر مسلم لیگ (ن) نے جواب دیا تھا کہ ‘ہمارے جو بھائی بہن پان کھانے والے ہیں، ان کے کرانچی کو میں لاہور بناؤں گا اور جو کراچی میں رہتے ہیں، ان کو میں کراچی انشاء اللہ لاہور سے بہتر بنا کر دوں گا’۔