روم: گھنٹوں کے فضائی سفر میں نشست پر جم کر بیٹھنے سے اکتا جانے والوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ اب جہاز کے لیے ایسی نشستیں تیار کرلی گئی ہیں جس میں وہ کھڑے ہو کر بھی سفر کرسکیں گے۔
جہازوں کی سیٹیں بنانے والی ایک اطالوی کمپنی نے اکانومی کلاس کی نئے ڈیزائن والی نشستیں بنائی ہیں جو نہ صرف اونچائی میں پرانی سیٹوں سے بڑی ہیں بلکہ جگہ بھی کم گھیرتی ہیں۔ کمپنی نے نئے ڈیزائن والی نشستوں کو اسکائی رائیڈر کا نام دیا ہے جس کی تنصیب سے اکانومی کلاس کیبن میں مسافروں کی تعداد 20 فیصد بڑھ جائے گی کیونکہ ڈیزائن کی مناسبت سے یہ کم جگہ گھیرتی ہیں اور ٹانگیں لمبی کرنے کے لیے ملنے والا فاصلہ 28 انچ سے گھٹ کر 23 انچ رہ جائے گا جس سے ایئرلائن کو مزید منافع ملے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سیٹوں کا وزن دیگر کلاس کی نشستوں سے نصف ہے جب کہ اس کی مرمت اور صفائی ستھرائی کے اخراجات بھی پرانی سیٹوں سے کم ہیں۔
واضح رہے کہ 2010ء میں ہونے والے ایک سروے میں ایک لاکھ 20 ہزار مسافروں میں سے اکثریت نے اونچی سائز کی نشستوں کو ترجیح دی تھی۔ 80 ہزار لوگوں نے رائے دی تھی کہ اگر انہیں مفت میں کھڑے ہونے والی نشستیں مل جائیں تو ان کا سفر دوبالا ہوجائے گا۔