ریاض ; سعودی عرب کے وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے واضح کیا ہے کہ ملک کی کسی بھی مسجد میں غیر ملکی موذن اور امام تعینات نہیں کئے جائیں گے، فی الوقت جو غیر ملکی موذن یا اما م کے طور پر کام کررہے ہیں انہیں اس سے روک دیاجا ئے گا۔
سعودی اخبار کے مطابق انہوں نے توجہ دلائی کہ بہت ساری مساجد میں اس طرح کا غلط رواج چل رہا ہے اسے روکا جائے گا۔ وہ مشرقی ریجن میں وزارت کی شاخ میں موجود صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ آل الشیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزارت کے جن اہلکاروں کے پاس گاڑیاں تھیں اور وہ انہیں غیر قانونی طریقے سے استعمال کررہے تھے ان سے گاڑیاں واپس لے لی گئیں۔ جبکہ دوسری جانب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر اس سال 1300 شخصیات فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گی، مہمانوں کا تعلق ایشیا، افریقہ اور یورپ کے 90ممالک سے ہے۔وزارت اسلامی امور دعوت و رہنمائی میزبانی کے فرائض انجام دے گی،شاہ سلمان نے خادم حرمین شریفین کے حج پروگرام کے لئے مہمانوں کی منظوری دیدی۔ وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ شاہ سلیمان اسلام ، اس کے پیرو کاروں اور مقامات مقدسہ کی خدمت سے متعلق مملکت کے تاریخی کردار کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر سال دنیائے اسلام کی نمایاں شخصیات کو حج کی ادائیگی کا موقع دیتے ہیں۔ شاہ سلمان کا حج پروگرام اسلامی اخوت کے رشتوں کو راسخ کرنے کا عملی طریقہ ہے ۔