پشاور(ویب ڈیسک ) گلبہار کے رہائشی نوجوان کی محبت میں گرفتار ملائیشین دوشیزہ شادی کے لیے پاکستان آگئی۔فیس بک کی دوستی گلبہار کے رہائشی نوجوان قاسم علی اور ملائشین دوشیزہ نور فضیہ کو ایک دوسرے کے قریب لے آئی، اس دوستی کو باقاعدہ رشتہ میں بدلنے کیلئے ملائیشین لڑکی پشاور چلی آئی، گزشتہ روز دونوں نے نکاح بھی کرلیا، نکاح کی تقریب گلبہار پشاور میں منعقد ہوئی۔ اس نئے نویلے دو ملکی جوڑے کی دعوت ولیمہ 22 دسمبر کو ہو گی۔قاسم علی نے کہا کہ وہ گریجویشن کے بعد آن لائن کاروبار سے منسلک ہے جس کا ہیڈ آفس ملائیشیا میں ہے جبکہ نور فضیہ اسی کمپنی میں آن لائن ملازمت کرتی ہے، اسی وجہ سے فیس بک پر ان کا آپس میں رابطہ قائم ہوا، جو چار سال بعد رشتہ ازدواج میں بدل گیا، اس رشتے سے اس کے گھر والے بھی خوش ہیں۔ وہ نور کو پاکستان کا مثبت پہلو دکھانے میں کامیاب ہوا اور نور نے اس رشتہ کو بڑی خوشی سے تسلیم کیا۔نورفضیہ نے کہا کہ ان کی چار بہنیں اور ایک بھائی ہے جبکہ والد 60 کی دہائی میں خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے ملائیشیا گئے اور وہاں پر ملائیشین خاتون سے شادی کرلی، جس کے بعد وہ ایک بار پاکستان آئے، شادی کے لئے وہ پہلی بار پاکستان آئی ہیں جس کی وجہ قاسم کا پیار اور اس کی اپنے وطن سے محبت ہے، وہ چاہتی ہیں کہ ان کا رشتہ پائیدار رہے اور وہ اپنے بہن بھائیوں کی پاکستان میں شادی کروائیں، انہوں نے ضلع شانگلہ جانے کا ارادہ بھی کیا ہے۔نوبیاہتا جوڑے نے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان سے ملائیشیا جا کر مشترکہ کاوبار کریں گے اور ایک دوسرے کا ساتھ نبھائیں گے۔