13 ریٹائرڈ جنرلز اور آٹھ سنیئر سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ طالبان اور دیگر انتہا پسند گروپ اس انتظار میں ہیں کہ اوبامہ فوج کو واپس بلائیں اور وہ اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کر کے پورے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیں
نیویارک ( یس اُردو ) افغانستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے پیش نظر امریکہ کے 13 ریٹائرڈ جنرلز اور آٹھ سنیئر سفارتکاروں نے صدر باراک اوبامہ سے اپیل کی ہے کہ وہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کی غلطی ہرگز نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ طالبان اور دیگر انتہا پسند گروپ اس انتظار میں ہیں کہ اوبامہ فوج کو واپس بلائیں اور وہ اپنی کارروائیوں کو مزید تیز کر کے پورے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیں ۔امریکی صدر کو اس خطے کی نازک صورتحال کو سمجھتے ہوئے فوراً اعلان کرنا چاہیئے کہ امریکہ اُس وقت تک اپنی افواج کو واپس نہیں بلائے گا جب تک ایک بھی دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی سے افغان حکومت اور وہاں پر موجود نیٹو افواج کے حوصلے بھی بڑھیں گے ۔ امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق یہ اپیل ایک ایسے وقت کی جارہی ہے جب کچھ دنوں کے بعد امریکی بری فوج کے افغانستان میں تعینات کمانڈر ایک اہم رپورٹ پیش کرنے والے ہیں۔جبکہ دوسری طرف امریکی عوام کی اکثریت چاہتی ہے کہ دوسرے ممالک میں تعینات امریکی فوجیوں کو واپس بلایا جائے تاکہ بلین ڈالرز کے اخراجات کو ختم کیا جائے اور وہ رقم امریکی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے ۔