جرمنی میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں کے مذاکرات ناکام ہو گئے جس کے بعد انجیلا مرکل کے چوتھی بار جرمن چانسلر بننے کی راہ میں رکاوٹ حائل ہو گئی۔
مرکل گرینز اور فری ڈیمو کریٹ پارٹی کے ساتھ اتحاد بنانے پر کامیاب نہ ہو سکیں۔ فری ڈیمو کریٹ پارٹی نے مزید مذاکرات سے انکار کر دیا، اس نے کہا ہے کہ بری حکمرانی کرنے سے بہتر ہے کہ حکمرانی نہ ہی کی جائے۔ چار سیاسی جماعتوں میں امیگریشن کے معاملے پر اختلافات برقرار ہے۔ جرمن چانسلر انجیلامرکل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اتحاد نہ بننے پرانتہائی افسوس ہوا،نئی اتحادی حکومت کی تشکیل میں ناکامی سے صدر کو آگاہ کروں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں ملک کو آگے لے کر جانے کی ہر ممکن کوشش کروں گی، آنے والے مشکل ہفتوں ملکی انتظام یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ خبر ایجنسی کے مطابق انجیلامرکل کی صدر سے ملاقات کا مطلب یہ ہے کہ وہ گرینز پارٹی کے ساتھ حکومت نہیں بنائیں گی۔ جرمنی کے صدر کے پاس نئے انتخابات کرانے کا اختیار ہے۔