برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کی حکومت اور اسمبلی کے اراکین سے مطالبہ کیاہے کہ وہ احتجاجاً اپنی نشستوں سے استعفاء دے کر مظلوم کشمیریوں کی پر امن تحریک آزادی کشمیر میں شامل ہو جائیں۔
برسلز سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیا ن میں انھوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوتی جارہی ہے اور بھارتی افواج کشمیریوں کے خلاف تشدد اور ظلم وستم کا دائرہ دن بدن تنگ کرتی جارہی ہیں۔
بھارتی فورسز کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران ایک سوسے زائد لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ پیلٹ گن کی فائرنگ سے چارسو سے زائد نابینا ہوچکے ہیں۔ بہت سے لوگوں کے چہرے مسخ کر دیئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اب بھی وقت ہے، ان کٹھ پتلی سیاستدانوں کے لیے کہ وہ بھارت نوازی کو خیرآباد کہہ کر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں۔
انہیں چاہیے کہ بھارت کی خوش آمدکے بجائے اپنی آواز کو کشمیریوں کی آواز میں ملائیں۔ انہیں وقت کے دھارے کو سمجھ لینا چاہیے۔ اگر وہ آج فیصلہ کریں گے تو کشمیری ان کو قبول کرلیں گے لیکن اگر انہوں نے وقت ضائع کر دیا تو پھر موقع ہاتھ نہیں آئے گا۔ یہ واضح ہے کہ یہ تحریک اب رکے گی نہیں۔ اب یہ تحریک منزل مقصود تک پہنچے گی۔
کٹھ پتلی سیاستدانوں کوچاہیے کہ اپنے ماضی بھول کراور تمام اختلافات کو فراموش کرکے مظلوم کشمیریوں کے کاروان میں شامل ہو جائیں۔ اگر یہ موقع ضائع کردیاتو تاریخ اور کشمیری قوم انہیں معاف کبھی بھی نہیں کرے گی۔ اگراس خطے میں امن قائم کرنے کے کام کرنا تو اس عوامی اور پرامن تحریک کا ساتھ دینا ہو گا۔
انہیں چاہیے کہ وہ اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اس وقت غیرت اور انسانیت کا تقاضا ہے کہ وہ کشمیریوں کا ساتھ دیں۔ایک بڑے پیمانے پر جدوجہد کریں۔وہ لوگ جنہیں ابھی تک سمجھ نہیں آئی انہیں نوشتہ دیوا رپڑھ لینا چاہیے۔۔
کشمیرمیں جاری تحریک کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ کشمیری آزادی چاہتے ہیں۔ وہ بھارت کا قبضے مزید برداشت نہیں کرسکتے۔ بھارت کے حامی سیاستدانوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ اپنے آپ کو اس تحریک کاحصہ بنائیں اورکشمیر کی آزادی کے بعد مل کر خطے کے امن کے لیے کام کریں۔ اگر مسئلہ کشمیر حل ہو جاتا ہے تو خطہ بھی خوشحال ہو گا۔
Av. Des Vaillants 36, 1200 Brussels, Belgium,
e-mail: info@kashmircouncil.eu