سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جبکہ آج بھی بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک نہتہ کشمیری نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، نہتے کشمیری عوام پر لاٹھی جارچ اور رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف حریت کانفرنس کے چیرمین سید علی گیلانی کی کال پر پوری مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ اس موقع پر تمام کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور اسکول بند جب کہ ٹریفک سڑکوں سے غائب ہے۔
سری نگر میں مظاہرین پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان شہید جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب حریت رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف بھوک ہڑتال کرنے والے یاسین ملک کو بھی بھارتی فورسز نے گرفتار کر لیا جب کہ حریت رہنما مسرت عالم کو 7 روز کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حریت کانفرنس کی کال پر اپنے حقوق کیلئے نکالی جانے والی ریلی پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 نواجوان شہید جبکہ 25 زخمی ہو گئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر بھارتی فائرنگ سے نوجوانوں کی شہادت اور گرفتاریوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔