ویلنگٹن…..میچ کا فارمیٹ بدل گیا لیکن نتیجہ وہی رہا، ٹی20کے بعد کیویز نے پہلے ایک روزہ انٹرنیشنل میں بھی گرین شرٹس کو 70رنز سے ہرادیا۔ 281رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم210رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 280رنز بنائے۔نکولزنے 82رنز کی اننگز کھیلی۔281رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور 37کے مجموعی اسکور پر اوپنرز پویلین لوٹ گئے، اظہر علی نے19اور احمد شہزاد نے13رنز بنائے۔محمد حفیظ اور بابر اعظم نےاعتماد کے ساتھ بیٹنگ کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 81رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا، 118رنز پر محمد حفیظ 42رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔صہیب مقصود ٹی 20کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی متاثرکن کارکردگی نہ دکھاسکے اور صرف 10رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔اس دوران بابر اعظم نے 5چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، لیکن اینڈرسن کی گیند کو گرائونڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں نکولز کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 76گیندوں پر 62رنز بنائے۔عماد وسیم صرف ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔سرفراز احمد نے کچھ مزاحمت کی لیکن بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 29گیندوں پر 30رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے بعد انور علی 16رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔محمد عامر اور محمد عرفان کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پوری ٹیم 46اوورز میں 210رنز بناسکی۔بولٹ نے 4 اور ایلیٹ نے 3وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 280رنز بنائے۔ایک موقع پر نیوزی لینڈ کے 6کھلاڑی صرف99رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے ، لیکن بعد کے بیٹسمینوں نے پاکستانی بالرز کا جم کر مقابلہ کیا اوررنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، وہاب ریاض کے ایک اوور میں 3چھکے بھی لگے۔ نکولز 82جبکہ سینٹنراور ہنری 48،48رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔نکولز کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قراردیاگیا۔پاکستان کی طرف سے محمد عامر اور انور علی نے 3،3جبکہ محمد عرفان نے 2وکٹیں حاصل کیں۔تین میچوں پر مشتمل سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے، سیریز کا دوسرا میچ 28جنوری کو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔