ابوظہبی : ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور بلال آصف نے اننگز کا آغاز کیا۔ انگلینڈ کی طرح پاکستان کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ پاکستان کو پہلا نقصان کپتان اظہر علی کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ ٹوپلی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ بلال آصف کو بھی پویلین کی یاد ستانے لگی اور دو رنز پر چلتے بنے ۔ کیرئر کا آخری ون ڈے کھیلنے والے یونس خان صرف 9 رنز بنا سکے۔ شعیب ملک 26 رنز بنا کر پویلین جا بیھٹے۔ حفیط اور شعیب ملک کی شراکت پاکستان کے سکور بورڈ میں 70 رنز کا اضافہ ثابت ہوئی۔
پروفیسر نے اپنے فارمولوں کی بدولت انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 127 گیندوں پر سینکڑہ داغ ڈالا۔ پروفیسر حفیظ نے ون ڈے کیرئیر کی گیارہویں اور انگلیںڈ کے خلاف پہلی سنچری سکور کی۔ حفیظ نے ایک چھکا اور دس چوکے مارے۔ بابر اعظم نے بھی پروفیسر کا خوب ساتھ دیا اور 4 چھکوں اور دو چوکوں کی بدولت 62 گیندوں پر 62 رنز جوڑے۔ دونوں کھلاڑیوں کی شراکت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے فتح دلوائی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے چوالیسویں اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کیا۔
انگلینڈ نے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم پاکستانی بولرز کے سامنے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی ایک بھی نہ چل سکی۔ آغاز میں ہی محمد عرفان نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر اوپنر جیسن روئے کو کلین بولڈ کر دیا۔
انور علی کی اندر آتی ہوئی گیند پر جو روٹ کھاتہ کھولے بغیر آوٹ ہوئے اور ایلکس ہیلز بھی سات رنز بنانے کے بعد انور علی کا شکار ہوئے۔ ہیلز کا کیچ یونس خان نے سلپ میں تھاما۔ تین وکٹیں گنوانے کے بعد کپتان اوئن مورگن اور جیمز ٹیلر نے پاکستانی اسپنرز کے خلاف شاندار اسٹروکس کھیلے۔
مہمان ٹیم نے اکیسویں اوور میں تین وکٹوں پر سو رنز مکمل کیے۔ انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 114 کے مجموعی سکور پر گری جب کپتان ائین مورگن 76 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اوئن مورگن نے اپنی نصف سنچری پچاس گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے بنائی۔ مجموعی سکور میں ایک رنز کے اضافہ پر انگلینڈ کی پانچویں وکٹ گری جب جوز بٹلر ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ 156 رنز کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی چھٹی جبکہ 161 رنز پر انگلینڈ کو ساتویں وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا جب معین علی سات رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔180 رنز کے مجموعی سکور پر آٹھویں وکٹ گری جب محمد عرفان نے عادل رشید کو آؤٹ کر دیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے تین، انور علی اور شعیب ملک نے دو، دو جبکہ یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی اور انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت این مورگن کر رہے ہیں ۔ قومی ٹیم اس سے قبل انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کر کے اپنی رینکنگ بہتر بنا چکی ہے۔ پاکستان کے کپتان اظہر علی نے میچ میں کامیابی کا عزم ظاہر کیا ہے۔