ناندیڑ (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ) مدینة العلوم ہائی اسکول ناندیڑ کے آفس سپرنٹنڈنٹ (OS) جناب محمد مجید اللہ صاحب وظیفہ پر 30 جون کو ملازمت سے سبکدوش ہو گے۔
انھوں نے مدرسہ میں 35 سال 9 مہینے 16 دن اپنی دفتری خدمات کو بہ حسن و خوبی انجام دیا۔دریں اثناء آپ کی شخصیت کا مدرسہ میں کلیدی حیثیت کی حامل ہو نا اس بات کا غماز ہے کہ آپ کی حسنِ خدمات و انتظامی صلاحیتوں کے سبھی معترف رہے و نیزادارہ کا ہرادنیٰ و اعلیٰ برسرِ ملازم آپ کی استعداد و ہنر سے مستفید رہا ہے۔
دفتری امور کے عصری تقاضوں سے وہ کبھی غافل نہیں رہے۔ہمیشہ خود کو جدیدٹکنالوجی اور دفتری اصطلاحات سے ہم آہنگ رکھا اورکسی دوردفتر کی باگ ڈھیلی یا کمزورپڑنے نہیں دی۔
اپنی تخلیقی اور ادبی صلاحیتوں کے زیرِ اثر انھوں نے ہمیشہ اپنے کام میں نُدرت اور جمالیاتی خوبیوںکو بروئے کار لایا اوردفتری عوامل کو بے کم وکاست انجام دینے کا ملکہ حاصل کیا۔ شاید یہی وجہ رہی کہ شہر کے دیگر مدارس بھی آپ سے رہنمائی کے لئے رجوع ہوا کرتے تھے۔
علاوہ ازیں موصوف نے ملازمت کے پورے ایام’ پابندیٔ وقت اور نہایت ہی اصولوں کے ساتھ گزارے ہیں۔ادارے کو نہ صرف بھرپور وقت دیا بلکہ اپنی حق کی چھٹّیاں بھی ادارہ کے کاز کی نذر کردیں ۔آپ کی علمی لیاقت بھی آپ کی پوسٹ سے زیادہ تھی۔
آپ کا شمار شہرکے بہترین خوشنویسوں اور کاتبوں میں ہوتا ہے۔برسوں مقامی اخبار ات و رسائل کی کتابت نے آپ کے اندر ادبی ذوق و جمالیاتی حس کو فروغ دینے میں کافی حد تک مدد کی ۔ہنوز انھوں نے اپنے ذوق ِطبع کی آبیاری کے لئے قدیم روایتوں سے ہٹ کر سماجی رابطوں کی سائٹس سے بھی اپنی وابستگی بنائی اور رابطے کے مختلف ذرائع سے اپنے فنی جوہرکے اظہار کے طور طریقے سیکھے۔
مختلف گرافک سافٹ ویرس ‘ جدید مواصلاتی ذرائع اور کمپیوٹرکی بنیادی علم سے کماحقہ واقف رہے۔ آج ان کے حلقہ احباب میں ملک کے نامور شعراء و ادیب کے علاوہ بہت سی نامی گرامی شخصیتوں کا شمار ہوتا ہے۔ان کے دیرینہ احباب نے ان کی سبکدوشی پر بھر پورتہنیت پیش کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات وابستہ کی ہیں۔