لالہ موسیٰ( نامہ نگار )ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے شادیوال روڈ کا دورہ کیا اور 17کروڑ روپے لاگت سے جاری کارپٹ روڈ اور سٹرک کے اطراف سیوریج نالوں کی تعمیر کے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم پی اے حاجی عمران ظفر، چےئرمین حاجی ناصر محمود ، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بشیر احمد بھٹی بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ رامتلائی چوک تا ہریاوالہ پھاٹک کارپٹ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ نہایت اہم ہے ، کروڑوں روپے لاگت کے اس منصوبے پر انتہائی معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ شہری تادیر اس پراجیکٹ سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سٹرک کے اطراف سیوریج نالے کی تعمیر کے دوران تمام تکنیکی امور کو مد نظر رکھا جائے تاکہ پانی کا نکاس آسانی سے ممکن ہو سکے جبکہ پانی کے تیزی سے نکاس کے لئے کالرہ پھاٹک کے قریب ڈسپوزل اسٹیشن بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔ ڈی سی او نے سیوریج کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ مین ہولز کا لیو ل سٹرک کے برابر رکھا جائے کسی بھی کوتاہی کی صورت میں نقصان کا ازالہ کرنا ہوگا۔