لاہور (ویب ڈیسک )ڈی جی نیب شہباز پنجاب شہزاد سلیم نے انکشاف کیاہے کہ گریڈ 20کے افسر اکرام نوید نے حمزہ شہباز شریف کے داماد علی عمران کو 13کروڑ روپے دیئے ، اکرام نوید شہبازشریف کے داماد کے گہرے دوست تھے اور ان پر نوازشات علی عمران کی وجہ سے ہورہی تھیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد سلیم نے انکشاف کیا کہ گریڈ 20کے افسر اکرا م نوید نے ایرا میں 20کروڑ روپے کی چوری کی اور ایرا میں پراجیکٹ میں بناکر جعلی رسیدیں لگائیں اور صاف پانی کمپنی میں بھی انہوں نے یہی کیا اور اس سے قبل انہوں نے پی ایچ اے سے 37ملین نکالے ، پنجاب پاور کمپنی سے جعلی رسیدوں پر 232ملین چرائے ، پتہ نہیں اکرام نوید کوکلین چٹ کیسے دی گئی ؟انہوں نے کہا کہ اکرام نوید علی عمران کے بہت گہرے دوست تھے اور ان پر نوازشات علی عمران کی وجہ سے ہورہی تھیں ،علی عمران نے اکرام نوید سے پلازے بنانے کیلئے 13کروڑ روپے لئے اور اس کا کوئی معاہدہ نہیں کیا ۔ یہ پیسے سیدھے علی عمران کے اکاﺅنٹ میں جارہے تھے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے اکرا م نوید کی پچاس کروڑ کی جائیدادوں کا سراغ لگایا اور اس نے یہ تسلیم کیا اور پچاس کروڑ دیکر پلی بارگین کی ، انہوں نے کہا کہ پلی بارگین چیئر مین نیب نہیں کرتا بلکہ یہ کام جج صاحب کرتے ہیں اور جج کی توثیق کے بغیر پلی بارگین نہیں ہوتی ، پلی بارگین ایگزیکٹو آرڈر نہیں بلکہ یہ عدالتی حکم پر ہوتی ہے ۔