ٹوکیو: جاپان میں سرکاری افسران کو لنچ کرنے کے لیے مقررہ وقت سے صرف 3 منٹ قبل اٹھنے پر نہ صرف جرمانہ کیا گیا بلکہ کیمروں کے سامنے ان سے معافی بھی منگوائی گئی۔
خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے سخت قوانین والے اس ملک میں عوامی خدمات میں ذرا سے لاپرواہی یا کام میں غفلت برتنے پر سخت سے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
جاپان کے مغربی شہر ’کوب‘ میں واٹر ورکس بیورو کے افسران کو دوپہر کے کھانے کے لیے مقررہ وقت سے 3 منٹ قبل اٹھنا مہنگا پڑگیا، حکام نے مانیٹرنگ کے ذریعے پتہ لگایا کہ بعض ملازمین لنچ کے لیے مقررہ وقت سے صرف 3 منٹ قبل اپنی نشست سے اٹھ جاتے ہیں اور ایسا 7 ماہ میں 26 دفع ہوا ہے۔
حکام نے وقت کی پابندی نہ کرنے پر بطور جرمانہ سینئر افسران کی آدھے دن کی تنخواہ کی کٹوتی بھی کی اور انہیں پریس کانفرنس میں پیش کرکے کیمروں کے سامنے معافی منگوائی، ان افسران نے سر جھکاکر وقت کی پابندی نہ کرنے پر معذرت کی۔