کراچی/ کوئٹہ : آئل ٹینکرز آنرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا جب کہ کراچی کے 90 فیصد سے زائد پیٹرول پمپوں میں فیول ختم ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کی جانب سے 16 فیصد ٹوکن ٹیکس عائد کئے جانے کے خلاف ہڑتال دوسرے روزبھی جاری رہی تاہم حکومتی نمائندوں سے کامیاب مذاکرات کے بعد آئل ٹینکرز آنرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ٹینکرزآنرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث پیٹرول کی ترسیل کا عمل رکنے سے پیٹرول نایاب ہوگیا اور کراچی کے 90 فیصد سے زائد پیٹرول پمپوں پر پیٹرول دستیاب نہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب پیٹرول کی ترسیل رکنے کے باعث کوئٹہ میں بھی پیٹرول کی فروخت نایاب ہوگئی اور جن پمپوں پر پیٹرول دستیاب ہے وہاں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 90 روپے وصول کی جارہی ہے۔