لاہور : اولمپکس میں رسائی یا رسوائی، گرین شرٹس کی جان پر بن آئی، پاکستانی ہاکی ٹیم بدھ کو ورلڈ لیگ کے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی، کامیابی کی صورت میں میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے امیدوں کے چراغ روشن رہیں گے۔
ناکامی پر شائقین کو ایک اور صدمہ اٹھانے کیلیے تیار رہنا ہوگا، ’’ کرو یا مرو‘‘ کی حیثیت اختیار کرنیوالے میچ کیلیے مینجمنٹ نے حکمت عملی تیار کر لی، ٹیم میٹنگ میں پلیئرز کو چیمپئنز ٹرافی میں پاک انگلینڈ اور حالیہ ایونٹ میں حریف سائیڈ کے بیلجیئم سے میچ کی فوٹیج دکھائی گئی، مقررہ وقت پر مقابلہ برابر ہونے پر پنالٹی شوٹ آؤٹس کیلیے7 کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا گیا۔
کپتان محمد عمران گذشتہ سال بھارت میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں انگلینڈ سے شکست کا انتقام لینے کیلیے پُرعزم ہیں، انھوں نے کہا کہ مجھے ٹیم پر مکمل اعتماد ہے،قوم کی دعاؤں اور اپنی محنت سے اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ عمران نے کہا کہ یہ میچ ہمارے لیے ’’کرو یا مرو ‘‘ والی حیثیت رکھتا ہے۔
کھلاڑی بخوبی جانتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس بار نتائج مختلف اور ہم انگلینڈ کو زیر کرنے میں کامیاب رہیں گے۔انھوں نے کہا کہ پلیئرزپر واضح کر دیا گیاکہ ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، ملنے والے ہر موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔