لاہور : پاکستان ہاکی فیڈریشن کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے قومی ٹیم کی اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ میں ناکامی پر رپورٹ تیار کر لی۔ کمیٹی نے فنڈز کی کمی اور کھلاڑیوں کا صلاحیت کے مطابق نہ کھیلنا ہاکی میں ناکامی کی وجہ قرار دے دیا۔
اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ میں ناکامی کے بعد پی ایچ ایف نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ ناکامی کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ کمیٹی کے سربراہ سابق اولمپئن محمد اخلاق ہیں۔
کمیٹی ذرائع کے مطابق ملک میں ہاکی کا ڈومیسٹک ڈھانچہ ، فنڈز کی کمی اور کوالیفائنگ رائونڈ میں کھلاڑیوں کا صلاحیتوں کے مطابق نہ کھیلنا عبرتناک شکست کی وجہ بنا۔
پی ایچ ایف سیکریٹری رانا مجاہد علی کے مطابق کمیٹی کل اپنی رپورٹ جمع کرائے گی جسے ایک روز بعد شائع کر دیا جائے گا۔