پاکستان کی حمایت میں آواز اٹھانے والے بھارتی اداکار اوم پوری دنیا سے کوچ کرگئے ۔انہوںنے بھارت میں پاکستان سے محبت کا اظہارکرکےنفرت کے پجاریوں پر وارسے کیا، گوشت کے بہانے مسلمانوں پر ظلم پر تنقید نےانہیں انتہا پسندوں کی آنکھوں کا کانٹا بنادیا تھا۔
بھارت کے جھوٹے سرجیکل اسٹرائیک کے بعد انہوں نے کھل کر پاکستان کے حق میں بیان دیا تھا اور انہیں بھارتی میڈیا اور عوام کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اوم پوری نے کئی بار پاکستان کے دورے کیے ، پاکستانی فنکاروں کے حق میں کئی دفعہ بیانات بھی دیئے جو بھارتی انتہاپسندوں کو بہت برے لگتے تھے لیکن انہوں نے پاکستان کی حمایت جاری رکھی۔
معروف بھارتی اداکار نے 70سے زائد بالی ووڈ فلموں سمیت کئی ہالی ووڈ فلموں میں بھی کا م کیا اور ٹی وی سیریلز ،ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے خوب جوہر دکھائے۔
اوم پوری کو 1982 ء میں بہترین فنکار کا قومی فلم ایوارڈ بھی دیا گیا۔ انہوںنے اردھ ستیہ آکروش،جانے بھی دو یارو،مرچ مصالحہ اور پاکستانی فلم ایکٹر ان لاء فلموں میں اپنی اداکاری سے چار چاند لگائے۔
بھارتی فلم نگری سوگوار
بھارت کے معروف اداکار اوم پوری کے انتقال پر جہاں دنیا بھر سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے، وہیں بھارتی فلم نگری کے بھی کئی فنکارو ں نے ان کے انتقال پر شدید غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکارانیل کپور نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اوم پوری صرف ایک اداکار،استاد اور اچھے دوست ہی نہیں بلکہ ایک اچھے انسان بھی تھے ہم انہیں بہت یاد کریں گے۔
مشہور اداکار فرحان اختر نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب اوم پوری جیسا شخص دوبارہ نہیں ملے گا، ان کے انتقال پر بہت افسوس ہے۔
معروف اداکار کی موت پرروینہ ٹنڈن ،ہما قریشی،سونی رازداں،مادھوری،وویک اوبرائے،گیتا بسرا اور جیکولین فرنینڈ س سمیت دیگر فنکاروں نے بھی اوم پوری کے انتقال پر رنج اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے اوم پوری نے 70سے زائد بالی ووڈ فلموں سمیت کئی ہالی ووڈ فلموں میں بھی کا م کیا اور ٹی وی سیریلز ،ڈراموں میں بھی اپنی اداکاری کے خوب جوہر دکھائے۔